لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے تصدیق کی ہے کہ الیکشن کمیشن کے معاملے پر ابھی تک اپوزیشن اور حکومت کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام دنیا کامران خان کیساتھ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم اس معاملے پر اپوزیشن سے بات کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ مشاورت نہ ہوئی تو الیکشن کمیشن کا معاملہ لٹک جائے گا۔ تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ بدھ کے روز ہونے والی میٹنگ میں ڈیڈ لاک ختم ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے چیف الیکشن کمشنر کیلئے ناصر کھوسہ کا نام دیا ہے۔ ناصر کھوسہ کا نام پی ٹی آئی نے نگران وزیراعلیٰ کیلئے بھی دیا تھا۔ ہمیں ان جیسے لوگوں کی ضرورت ہے۔
ایک اہم سوال کا جواب دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم کا مسودہ ابھی دیکھا نہیں، تاہم حکومت پہلے ہی روز یہ معاملہ حل کر سکتی تھی، مسودہ دیکھ کر معاملے کو ڈیل کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم آج بھی اپوزیشن سے بات کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں، ان حالات میں ڈیڈ لاک ہی ہوگا۔ اگرمشاورت نہ ہوئی تو پھر الیکشن کمیشن کے ممبران کا معاملہ لٹک جائے گا۔