اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کو غیر فعالیت سے بچانے کے لئے اپوزیشن پیر کے روز سپریم کورٹ میں رٹ دائر کرے گی۔
ایاز صادق نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان فارن فنڈنگ کیس کے باعث الیکشن کمیشن کے ممبران کے تقرر میں تاخیر کرکے اسے غیر فعال بنانا چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر اور سند ھ بلوچستان کے ممبران کی تقرری کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن میں ناموں پر اتفاق نہ ہونے کے باعث اگلے لائحہ عمل کے لئے تیزی آ گئی ہے۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سردار ایاز صادق نے سپریم کورٹ جانے کا اعلان کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ عمران خان فارن فنڈنگ کیس کے باعث الیکشن کمیشن کو غیر فعال بنانا چاہتے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی رہنما تہمینہ دولتانہ اور عرفان دولتانہ کی جانب سے دیئے جانے والے سنڈے برنچ میں سردار ایاز صادق کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ نواز شریف کے معاملے پر عمران خان بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص معاشی اور قانونی ٹیم کو شاباش دے اس پر کیا کہا جا سکتا ہے۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم کے معاملے پرتفصیلی فیصلہ آئے گا تو اپوزیشن مل کر فیصلہ کرے گی۔