اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی اجلاس کے دوران احسن اقبال نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان فوری طور پر اسلامی ممالک کی تنظیم کا اجلاس بلائے، اگر وہ راضی نہ ہو تو پاکستان آو آئی سی سے فوری طور پر نکل جائے۔
احسن اقبال نے کہا کہ میں وزارت خارجہ میں چائے کی پیالی پیے بغیر کچھ تجاویز دینا چاہتا ہوں۔ وزیراعظم کو کشمیر ایشو پر 8 سے 10 ممالک کا دورہ کرنا چاہیے۔ او آئی سی کا فوری اجلاس اسلام آباد میں بلایا جائے۔ اگر او آئی سی کا اجلاس نہیں بلایا جاتا تو اس کی رکنیت چھوڑ دی جائے۔ وزیر خارجہ فوری طور پر کشمیر ایشو پر ہنگامی بیرونی دورے شروع کریں اور حکومت فوری سفارتی ایمرجنسی کا اعلان کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے کشمیر مسئلے پر مفصل بیان دیا۔ 120 دن سے وہاں کرفیو نافذ ہے۔ ایسی صورتحال ناقابل قبول ہے۔ اگر آنکھیں بند کریں گے تو کشمیر مسئلہ کون اٹھائے گا۔ اگلے پندرہ دنوں میں ہمیں دنیا پر کرفیو اٹھانے کے لیے دباؤ ڈالنا چاہیے۔