اسلام آباد: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے پارلیمنٹ اور سرکاری ٹی وی پر حملہ کیس میں وزیر اعظم عمران خان کی بریت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ 12 دسمبر تک موخر کر دیا۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے کیس کی سماعت کی۔ جج کا کہنا تھا کہ کئی ملزمان ہیں جنہوں نے عمران خان سے پہلے بریت کی درخواستیں دیں، ممکن نہیں کہ دیگر ملزمان کی بریت کی درخواستوں کو چھوڑ کر عمران خان کی درخواست پر فیصلہ سنائیں۔
جج راجہ جواد عباس نے کہا اعجاز چودھری، اسد عمر، جہانگیر ترین سمیت متعدد ملزمان نے بریت کی درخواستیں واپس لیں، کئی ملزمان کی عدم حاضری پر تو ان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے، یہ سینکڑوں کارکنوں سے متعلق کیس ہے، زیادہ کارکنان کی پیروی فیصل چودھری کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم کے وکیل بابر اعوان نے عدالت میں دلیل دی کہ جو ملزمان عدالت آ رہے ہیں ان کی درخواستوں پر بحث سن لیں، عدالت نے سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کر دی۔