اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکومت کو الیکشن کمیشن اراکین کے تقرر کا معاملہ 10 روز میں حل کرنے کی ہدایت کر دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے الیکشن کمیشن کے دو ممبران کی تعیناتی کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے استدعا کی پارلیمانی کمیٹی کا ساتواں اجلاس گزشتہ روز ہوا، معاملے کے حل کے لیے مزید وقت دیا جائے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ سب کچھ منتخب نمائندوں کے ہاتھ میں ہے، سمجھ نہیں آتی معاملے کو عدالت میں کیوں لا رہے ہیں؟۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ پارلیمنٹ کو مضبوط دیکھنا چاہتے، چیف الیکشن کمشنر بہت اہم عہدہ ہے، حکومت اور اپوزیشن دونوں کو معاملہ حل کرنا چاہیے، یہاں پر ماضی میں کچھ چیزیں ٹھیک نہیں ہوئیں جو ہمارے سامنے ہیں، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ذمہ داری ہے کہ پارلیمنٹ کی بالادستی قائم کریں، جس کے بعد مقدمے کی مزید سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔