لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ڈولفن اہلکار محسن علی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، آئی جی پنجاب سمیت پولیس کے اعلیٰ افسران اور شہید کے اہلخانہ نے شرکت کی۔
محمود بوٹی کے علاقے میں ڈاکوؤں کا مقابلہ کرتے ہوئے باغبانپورہ ڈولفن سکواڈ کے اہلکار محسن علی نے جام شہادت نوش کیا، شہید محسن علی کی نمازہ جنازہ قلعہ گجر پولیس لائنز میں ادا کی گئی۔ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر اور ڈولفن فورس کے دیگر اہلکاروں نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد آئی جی پنجاب شعیب دستگیرنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملزموں کو قانون کی گرفت میں لے کر آئیں گے، محسن شہید نے جوکام کیا اس سے یہ پیغام ملتا ہے کہ ہم آرام سے بیٹھنے والے نہیں۔
باغبانپورہ پولیس نے دو نامعلوم افراد کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے جس میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل ہیں۔