سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس، آصف زرداری کو کراچی منتقل کرنے کی قرارداد منظور

Last Updated On 09 December,2019 07:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے سابق صدر آصف علی زرداری کو کراچی منتقل کرنے کیلئے قرارداد منظور کر لی ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ کا اجلاس چیئرمین رحمان ملک کی صدارت میں ہوا۔ کمیٹی نے دارالامان لاہور کے بارے میں انکشافات کرنے والی خاتون افشاں لطیف سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

چیئرمین کمیٹی رحمان ملک نے سینیٹر کلثوم پروین کو افشاں لطیف سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری داخلہ نے کمیٹی کو بتایا جیل اصلاحات پر وفاقی حکومت مکمل توجہ دے رہی ہے۔ جیلوں کے لیے مشاورت سے ایس او پی تیار کر رہے ہیں۔

اس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا جیلوں کی اصلاحات پر ایس او پی کی بجائے قانون بننا چاہیے۔ کمیٹی میں سابق صدر آصف علی زرداری کو کراچی منتقل کرنے کے لئے قرارداد منظور کی گئی۔

سابق صدر کو کراچی منتقل کرنے کا نکتہ سینیٹر کلثوم پروین نے اٹھایا تھا۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا سابق صدر زرداری کا خاندان کراچی میں ہے۔ آصف زرداری سے اگر کوئی تفتیش بھی کرنا ہے وہ بھی کراچی میں کر لی جائے۔

کمیٹی نے سینیٹر سجاد طوری کی جانب سے پیش کردہ خالص خوراک سے متعلق بل منظور کر لیا۔ سینیٹر سجاد طوری نے کہا اسلام آباد میں مردہ مرغیوں کا گوشت فروخت ہو رہا ہے۔ بل سے خوراک کی فروخت اور صحت سے متعلق جانچ مکمل ہونے کے بعد خوراک اور گوشت مارکیٹ میں پہنچ سکے گا۔

عراق میں پھنسے 70 پاکستانیوں کے معاملے پر چیئرمین کمیٹی نے کہا عراق میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو بحفاظت پاکستان پہنچائے گئے ہیں۔ تاہم ایف آئی اے اور متعلقہ ادارے بیورو آف ایمگریشن مختلف ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے۔ بیرون ملک پھنسے ہوئے لوگوں کی واپسی کے ٹکٹ کا بھی بندوبست کیا جائے۔