اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے آصف علی زرداری کے طبی معائنے کے لئے میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دے دیا۔ سابق صدر کے ذاتی معالج بھی میڈیکل بورڈ کا حصہ ہوں گے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل 2 رکنی خصوصی بنچ نے درخواستوں کی سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے آصف زرداری کے وکیل فارق ایچ نائیک سے استفسار کیا کہ کیا آصف زرداری کے لیے کوئی میڈیکل بورڈ بنا ؟ اگر ہے تو اس کی کوئی تازہ رپورٹ ہے ؟ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آصف زرداری کو دل کاعارضہ لاحق ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے میڈیکل بورڈ بنایا گیا تھا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ پمز ہسپتال کے سربراہ کو کہہ دیتے ہیں کہ وہ میڈیکل بورڈ بنا کر آصف زرداری کا طبی معائنہ کریں اور رپورٹ جمع کرائیں۔ سابق صدر کے وکیل نے استدعا کی آصف زرداری کے ذاتی معالج کو بھی بورڈ کا حصہ بنایا جائے جسے عدالت نے منظور کرلیا۔
عدالت نے پمز میڈیکل بورڈ کو 11 دسمبر سے پہلے آصف زرداری کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریال تالپور کی درخواست ضمانت پر بھی نیب کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کرلیا۔