قائمہ کمیٹی برائے پاور کا اجلاس، پندرہ ماہ میں بجلی کی قیمت میں اضافے کی تفصیلات طلب

Last Updated On 10 December,2019 08:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹٰی برائے پاور نے پندرہ ماہ میں بجلی کی قیمت میں اضافے کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ پاور ڈویژن کو تمام فیڈرز پر نقصانات کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی بھی سفارش کر دی گئی ہے۔

قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے صارفین کو دل کے دورے کا خطرہ رہتا ہے۔ موجودہ حکومت نے اب تک عوام پر کتنا بوجھ ڈالا ہے؟ اس کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔

سینیٹر نعمان وزیر نے کہا کہ سننے میں آ رہا ہے کہ بجلی چوری اور نقصانات کم ہو گئے ہیں۔ وزارت اس حوالے سے فیڈرز کا ڈیٹا فراہم کرے۔ کمپنیوں کا ریونیو اس لیے بڑھا ہے کہ بجلی کا ریٹ زیادہ کیا گیا ہے۔

پشاور الیکڑک سپلائی کمپنی میں تین ہزار سے زائد بھرتیوں کے معاملے پر سی ای او پیسکو ڈاکٹر محمد امجد نے بتایا کہ معاملے پر تھرڈ پارٹٰی کے ساتھ معاہدہ کر رہے ہیں اور بعض نئی چیزیں شامل کی جا رہی ہیں۔ سو فیصد کوئی کام درست نہیں ہوتا، مگر ہم سسٹم کو فول پروف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
 

Advertisement