لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی فضا کا ائیر کوالٹی انڈیکس 377 تک پہنچ گیا، میاں میر کے علاقے میں میں سب سے زیادہ 499 ائیر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا۔
لاہور کے علاقے ڈیفنس میں 497، گلبرگ میں 412 ائیر کوالٹی انڈیکس ہے۔ کینال روڈ پر 411 جبکہ پنجاب اسمبلی میں 411 ائیر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے علاوہ اپر مال میں 361 ائیر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا جبکہ شملہ پہاڑی میں 322، لبرٹی میں 258 اور بیدیاں روڈ پر ائیر کوالٹی انڈیکس 239 ریکارڈ ہوا۔
خیال رہے کہ ایئر کوالٹی انڈیکس کا تعین فضا میں مختلف گیسوں اور پی ایم 2.5 (فضا میں موجود ذرات) کے تناسب کو جانچ کر کیا جاتا ہے۔ ایک خاص حد سے تجاوز کرنے پر یہ گیسز ہوا کو آلودہ کر دیتی ہیں۔
ایئر کوالٹی انڈیکس فضا میں موجود آلودگی، زہریلی گیسوں اور مواد کی مقدار ناپنے کا معیار ہے۔ یہ کیمیائی اجزا سانس کے ذریعے انسانی جسم میں داخل ہو کر صحت کے مسائل پیدا کر سکتے ہیں۔ یہ ذرات اس قدر چھوٹے ہوتے ہیں کہ وہ ناصرف سانس کے ذریعے آپ کے جسم میں داخل ہو جاتے ہیں بلکہ آپ کی رگوں میں دوڑتے خون میں بھی شامل ہو جاتے ہیں۔
عالمی ادارہ برائے صحت کی جانب سے مرتب ایئر کوالٹی انڈیکس کے اصولوں کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران کسی بھی شہر یا علاقے کی فضا میں موجود پی ایم 2.5 ذرات کی تعداد 25 مائیکروگرام فی کیوبک میٹر سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔