کراچی: (دنیا نیوز) آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق ریفرنس میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی کے اہلخانہ سمیت گیارہ مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کا حکم دے دیا گیا۔
ریفرنس کے مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے اخبارات میں اشتہار شائع کرا دیا گیا، اخبارات میں اشتہار ضابط فوجداری کی سیکشن 87 کے تحت درج کرایا گیا ہے، مفرور ملزمان میں آغا شہباز، محمد عرفان، سید محمد شاہ، گلبار لوہار و دیگر شامل ہیں،عدالت نے مفرور ملزمان کو اشتہار کی مدد سے 17 دسمبر تک عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مفرور ملزمان کے جاری وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہیں ہوسکی، مفرور ملزمان عدالتی احکامات کے باوجود خود کو چھپا رہے ہیں، احتساب عدالت مفرور ملزمان کے بار بار وارنٹ گرفتاری جاری کر چکی ہے۔