لاہور: (دنیا نیوز) پی آئی سی میں ہنگامہ آرائی کرنے والے وکلا کی گرفتاری کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں دائر کردہ درخواست پر سماعت نہ ہو سکی جس کی وجہ جج کی عدم دستیابی بتائی گئی ہے.
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس قاسم خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے درخواست کی سماعت کرنی تھی تاہم جسٹس اسجد جاوید گورال کی عدم دستیابی کے باعث فائل دوبارہ چیف جسٹس کو ارسال کردی گئی۔
درخواست میں آئی جی پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، ہائیکورٹ میں درخواست وکیل اعجاز نے ایڈووکیٹ اللہ یار سپرا کے توسط سے دائر کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس تھانہ مزنگ نے وکلا کو ان کے دفتروں سے گرفتار کیا، جہاں ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے کے کاغذات تیار کئے جا رہے تھے، پولیس اہلکار وکلا کو گرفتار کرتے وقت 6 لاکھ روپے سے زائد رقم بھی ساتھ لے گئے، وکلا پر تشدد اور سے ان کی جان کو خطرہ لاحق ہے، عدالت پولیس حراست سے وکلا کی بازیابی کا حکم دے۔