لاہور: (دنیا نیوز) وکلا ایکشن کمیٹی نے گرفتار وکلا کی رہائی کے لیے اقدامات تیز کر دیئے۔ وکلا رہنماوں نے نامزد چیف جسٹس مامون رشید شیخ سے ملاقات کی اور معاملے پر غور و خوض کیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے بار روم میں وکلا ایکشن کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں ممبر پاکستان بار احسن بھون، اعظم نذیر تارڈ، صدر ہائیکورٹ بار حفیظ الرحمن چوہدری سمیت دیگر سینیر وکلا نے شرکت کی اور کل کے واقعے کی مذمت کی۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے گرفتار وکلا کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔ وکلا ایکشن کمیٹی نے نامزد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے بھی ملاقات کی اور وکلا کی رہائی کے لیے درخواست کی، جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے وکلا کی رہائی کے لیے آج ہی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جائے گی جس پر آج ہی سماعت کا امکان ہے۔