اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے فیاض الحسن چوہان کو فون کر کے پی آئی سی واقعہ سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ عمران خان نے کہا کسی کو ہسپتالوں پر بلوے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، پی آئی سی ل پر دھاوا بولنے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے فیاض الحسن چوہان کی خریت بھی دریافت کی۔ وزیراعظم نے استفسار کیا کہ آپ کو وکلا تشدد کے باعث کوئی چوٹ تو نہیں آئی، عمران نے فیاض الحسن چوہان کی جانب سے معاملہ سلجھانے کے لئے جائے وقوع پر پہنچنے کے اقدام کی تعریف کی۔
عمران خان کا فون پر فیاض الحسن چوہان سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کسی کو ہسپتالوں میں بلوے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، معاشرے کے ہر شعبے کا ہم نے تحفظ کرنا ہے، پی آئی سی کا واقعہ شرمناک ہے، حکومت پنجاب کی حکمت عملی سے زیادہ نقصان سے بچ گئے، پنجاب حکومت ٹھوس اقدامات کر کے آئندہ سے ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائے۔