میرے عدالتی کیرئیر کا آخری مقدمہ، سب کیلئے نیک خواہشات ہیں: چیف جسٹس

Last Updated On 20 December,2019 01:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے مری میں آمنہ بی بی پر فائرنگ سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ یہ میرے عدالتی کیرئیر کا آخری مقدمہ ہے، سب کے لیے نیک خواہشات ہیں۔

 چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ آج رات 12 بجے ریٹائر ہو جائیں گے۔ جسٹس گلزار احمد کل نئے چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف اٹھائیں گے۔ سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا جائے گا۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے 18 جنوری کو چیف جسٹس آف پاکستان کا عہدہ سنبھالا تھا۔

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے اپنے دور میں کوئی ازخود نوٹس نہیں لیا۔ انہوں نے بطور چیف جسٹس آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق کیس کی سماعت کی جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی مشروط ضمانت سے متعلق بھی فیصلہ دیا۔ چیف جسٹس آصف کھوسہ نے پاناما سکینڈل سمیت اہم مقدمات کی سماعت کی۔