سوات: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن نے آج خیبرپختونخوا میں پاور شو کا مظاہرہ کیا، مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ نوازشریف کو دوبارہ وزیراعظم بننے کا لالچ نہیں، پاکستان کے دشمنوں نے سی پیک کو نقصان پہنچایا، ملک میں امن لانے کا کریڈٹ پاک فوج کو جاتا ہے.
مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخواہ کے زیراہتمام سوات کے علاقے خوازہ خیلہ میں آج جلسے کا اہتمام کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہماری حکومت نے ملک کی ترقی کیلئے کام کیا، انتہا پسندی ختم کرنے کا سہرا نوازشریف اور پاک فوج کو جاتا ہے۔ ہم نے 500 ارب پاک فوج کو دے کر 20 سال سے جاری جنگ ختم کی اور نیشنل ایکشن پلان کے ذریعے انتہا پسندی کو شکست دی۔
قبل ازیں ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن)کے قائدین جلسے میں اہم اعلانات کریں گے۔ جلسہ نالائق اور نااہل حکومت کے خلاف خیبرپختونخوا کے عوام کا ریفرنڈم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نااہل حکمران چاہتے ہیں کہ وہ ملک وقوم کا بیڑہ غرق کرتے رہیں اور کوئی نہ بولے، سیاسی انتقام پر مبنی جھوٹے مقدمات کے ذریعے ہراساں کیا جا رہا ہے۔