لندن: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے احسن اقبال کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے نیب اور حکومت کا گٹھ جوڑ قرار دیدیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین، پاکستان کی دوستی اور سی پیک کو مضبوط بنانے والے شخص کی گرفتاری قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ پاکستان کی خدمت کرنے والی شاندار ٹیم کے ایک اور رکن کی گرفتاری اچھی روایت نہیں ہے۔ احسن اقبال کی گرفتاری کا مقصد حکومت کی نالائقی اور نااہلی کو عوام کے سامنے بے نقاب ہونے سے روکنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ احسن اقبال پارٹی کی تنظیم نو اور ملک بھر میں عوام کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے سیاسی سرگرمیاں کر رہے تھے۔ جس ادھورے منصوبے کو مکمل کرنے پر انھیں شاباش ملنا چاہیے تھی، اس میں گرفتاری سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے۔
یہ بھی پڑھیں: احسن اقبال کی گرفتاری سے (ن) لیگ دباؤ میں نہیں آئے گی، مریم اورنگزیب
لیگی صدر نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کی حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہو چکی ہے۔ جن لوگوں نے پاکستان عوام کی ایمانداری، محنت اور قومی جذبے سے خدمت کی، انہیں گرفتار کرکے اچھا پیغام نہیں دیا جا رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا ہر سپاہی، کارکن اور ٹیم ممبر حکومت اور نیب کے گٹھ جوڑ سے گھبرا کر سچ بولنے سے باز نہیں آئے گا۔ حکومت کی سی پیک، عوام اور پاکستان دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کو باہر جانے کی اجازت نہ دینا حکومتی فسطائیت ہے: شہباز شریف
شہباز شریف نے کہا کہ کوئی جیل اور جھوٹا مقدمہ ہمیں عوام کے حقوق کا دفاع کرنے سے نہیں روک سکتا۔ حکومت ملک اور عوام کے مفادات کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے، اس لئے سیاسی انتقام کے ذریعے توجہ ہٹانے میں مصروف ہے۔ حکومت سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمے بنانے اور جیل بھجوانے کے بجائے اہم قومی اور عوامی مسائل پر توجہ دے۔