کراچی: (دنیا نیوز) ترجمان بلاول بھٹو زرداری سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ نیب کا چیئرمن پیپلز پارٹی کے متعلق بیان حقائق کے منافی ہے۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمن پی پی پی کی پریس کانفرنس اور نیب کو لکھے گئے خط میں کوئی تضاد نہیں، نیب اگر قانون پر عمل پیرا ہے تو کارروائیوں کا نشانہ صرف اپوزیشن ہی کیوں ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ نیب اس طرح کے گمراہ کن بیانات سے اپنی کھوئی ہوئی ساکھ بحال نہیں کر سکتا۔ چیئرمن پی پی پی کے وکلا نے نیب کو لکھے خط میں واضح طور پر نوٹسز کو سیاسی ہراسمنٹ قرار دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وکلا نے خط میں یہ بھی کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو اعتراض کے باوجود 15 جنوری کے بعد نیب میں پیش ہونے کو تیار ہیں۔ انھیں شہید والدہ کی برسی سے تین روز قبل طلب کرنا غیر جانبدارانہ اقدام ہے؟
بلاول بھٹو کے ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام پارٹی قائدین اس وقت بینظیر بھٹو کی برسی کی تیاریوں میں مصروف ہیں لیکن ہم اس طرح کے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں، ہم عوام کی ترجمانی کرتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قانون کا احترام اور مقدمات کا سامنا کیا ہے۔ ہم نے متنازع ترین عدالتی فیصلے برداشت کئے، مگر کبھی ملک سے نہیں بھاگے۔