اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود وفد کے ہمراہ ایک روزہ دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے۔
سعودی وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور کشمیرکی صورتحال سمیت دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں اہم علاقائی امور، دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب کا استقبال کیا۔ ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے اور دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک کثیر الجہتی شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کشمیر سے متعلق پاکستانی موقف کی حمایت پر سعودی وزیر خارجہ اور سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس کے بعد سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود وطن واپس رونہ ہو گئے۔
سعودی وزیر خارجہ کی ملاقاتوں کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کے فروغ کا خیر مقدم کیا۔ توقع ہے صحت اور سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے سعودی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔ فارما سوٹیکل اور قابل تجدید توانائی میں سعودی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال، بھارت میں متنازع قانون اور ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزیوں سے بھی معزز مہمان کو آگاہ کیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔