اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی عرب کے وزیرخارجہ فیصل بن فرحان السعود نے وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں کیں، پاکستان اور سعودی عرب نے کشمیر سمیت اہم علاقائی امور پر باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب کے وزارت خارجہ پہنچنے پر پرتپاک انداز میں خیرمقدم کیا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔
وزارت خارجہ میں وفود کی سطح پر ہونے والی دوران ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے معاملات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے اور دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کثیرالجہتی شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے موقف کی حمایت پر سعودی وزیر خارجہ اور سعودی عرب کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے وزیراعظم آفس میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، پاکستان میں سعودی سفیر نواف المالکی بھی موجود تھے۔