وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کا اعلامیہ جاری

Last Updated On 15 December,2019 01:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کےدورہ سعودی عرب کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ عمران خان نے مشرق وسطی کے تنازعات سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے پر زور دیا۔ اعلامیے کے مطابق سیاحت کے فروغ سے متعلق سعودی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔ وزیراعظم نے ولی عہد کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان مختلف امور پر مشاورت کا تسلسل تھا، وزیراعظم نے دورے کے دوران ریاض میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس کے دوران دو طرفہ تعلقات اور خطے میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دورہ سعودی عرب کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے ولی عہد کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا، انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کی اہمیت، مشرق وسطیٰ کے تنازعات کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے پر بھی زور دیا۔ پاک سعودی تعلقات خطے میں امن و استحکام اور ترقی کے ضامن ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا پاکستان مشرق وسطی میں تنازعات ختم کرنے اور تناؤکم کرنے میں کردار ادا کرتا رہے، پاکستان خطے اور دنیا کے امن کے لئے تمام تر کوششوں میں مدد فراہم کرتا رہے گا۔ مشترکہ اعلامیے کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان میں سیاحت کے شعبے کی ترقی میں ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔ سعودی ٹیم کو جلد پاکستان بھیجنے کا وعدہ بھی کیا۔ مئی 2019 کے بعد وزیراعظم عمران خان کا سعودی عرب کا یہ چوتھا دورہ تھا، دونوں ممالک کی قیادت تعلقات کو ایک نئی سطح پر لے جانے کے لئے پرعزم ہے۔

وزیراعظم نے مدینہ میں روضہ رسولﷺ پر حاضری دی، ریاض الجنتہ میں نوافل ادا کیے اور ملک و قوم کی سلامتی کے لئے دعائیں کیں، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم کو ریاض ائیرپورٹ پر الودع کیا۔
 

Advertisement