وزیراعظم عمران خان رواں ماہ سعودی عرب کا دورہ کرینگے: ذرائع

Last Updated On 11 December,2019 08:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان رواں ماہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے جہاں وہ دورے کے دوران اہم ملاقاتیں کریں گے۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اہم دورے پر رواں ماہ سعودی عرب جائیں گے، دورے کے دوران وزیراعظم سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے اہم دورہ سعودی عرب کے شیڈول کو ترتیب دیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان ثالثی مشن اور سمٹ کانفرنس میں خطاب کے لیے تین مرتبہ سعودی عرب کا دورہ کر چکے ہیں، جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان کیساتھ ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات کے دوران سعودی عرب اور ایران کے درمیان ثالثی کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا تھا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب سے قبل وزیرعاظم عمران خان ایران گئے تھے جہاں انہوں نے سپریم لیڈر آیت اللہ خمینی اور صدر حسن روحانی سے ملاقات کی تھی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ خلیج کی موجودہ صورت حال پر تنازعات سے بچنے کی ضرورت ہے۔فریقین بات چیت سے مسائل حل کریں، سعودی عرب اور ایران میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان سہولت کاری کرسکتا ہے، ہم مذاکرات سے مسائل حل کرنے میں سہولت کاری کے لیے تیار ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایران پڑوسی اور دوست ملک جبکہ سعودی عرب ہمارے بہت قریب ہے، دونوں ممالک کے تنازع کی وجہ سے خطے اور دنیا کو نقصان ہوگا کیوںکہ تیل کی قیمتیں بڑھیں گی اور پھر دیگر ممالک پیسے کو لوگوں پر خرچ کرنے کی بجائے تیل خریدنے پر لگائیں گے۔ہم ایران اور سعودی عرب میں جنگ نہیں چاہتے، جنگ کی صورت میں خطے میں غربت میں اضافہ ہوگا۔

ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان مل کر خطے کے استحکام کے لیے کام کر سکتے ہیں، خطے میں جاری کشیدگی ختم کرنے کے لیے بھی تیار ہیں اور یمن میں جنگ بندی کے خواہش مند ہیں۔

ایرانی صدر نے وزیر اعظم پاکستان کے ساتھ ملاقات میں سعودی عرب کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کو ختم کرنے اور مذاکرات کرنے کا اشارہ بھی دیا۔

دوسری طرف وزیراعظم رواں ماہ کے دوران مزید تین ممالک کا دورہ کریں گے، عمران خان بحرین، سوئٹزر لینڈ اور ملائیشیا بھی جائیں گے۔

وزیراعظم 16 دسمبر کو بحرین کے قومی دن کی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔

وزیراعظم 17 دسمبر سے جنیوا کا دو روزہ دورہ کریں گے، جنیوا میں وزیراعظم سوئس قیادت سے ملاقاتوں کے علاوہ بین الاقوامی فورم میں شریک ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان 19 دسمبر کو ملائیشیا کے دو روزہ دورے پر جائیں گے جہاں پر وہ کوالالمپور سربراہی کانفرنس میں شرکت کریں گے اور خطاب بھی کریں گے۔
 

Advertisement