وزیراعظم پاکستان کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، کشمیر سمیت اہم معاملات پر گفتگو

Last Updated On 19 September,2019 06:51 pm

جدہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے قبل اہم دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ چکے ہیں جہاں انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کی۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان کی سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات میں باہمی دلچسپی اور دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے سعودی تیل کی تنصیبات پر حملے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجا علی اعجاز بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وزیراعظم عمران خان کو دورہ سعودی عرب کی دعوت شہزاد محمد بن سلمان نے دی ہے۔ جدہ کے رائل ٹرمینل پر گورنر مکہ نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر، قونصل جنرل، سعودی حکام اور قونصلیٹ کے افسران موجود تھے۔

اپنے دو روزہ قیام کے دوران وزیراعظم عمران خان اعلیٰ سعودی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران عمرہ بھی ادا کریں گے۔
 

Advertisement