اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے 8 لاکھ سے زائد غیر مستحق افراد کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے نکالنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ثانیہ نشتر کہتی ہیں کہ اس پروگرام کا نام تبدیل نہیں کر رہے۔ رجسٹریشن کیلئے نادرا کی مدد سے ضلعی سطح پر ڈیسک قائم کیے جائیں گے۔
معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ وغربت مٹاؤ پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلئے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم بھی لایا جا رہا ہے۔
ثانیہ نشتر نے اعلان کیا کہ حکومت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل نہیں کر رہی۔ کفالت پروگرام کے تحت لائن آف کنٹرول پر خواتین کی مدد کی جائیگی۔
ادھر بلاول بھٹو زرداری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 8 لاکھ سے زائد افراد کے اخراج کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی اقدام غریب خواتین کو خود مختار بنانے کے عمل پر حملہ ہے۔