کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو وفاقِ پاکستان کی سب سے مضبوط زنجیر تھیں، ان کے قاتلوں نے درحقیقت اس زنجیرکو توڑنے کی سازش کی تھی۔ آصف زرداری نے "پاکستان کھپے" کا نعرہ لگا کر سازشیوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو 12 ویں یوم شہادت پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اپنا سب کچھ اس ملک پر قربان کرنے والی بہادر قائد کو ہمیشہ یاد رکھے گی، شہید بھٹوجن نظریات کی خاطر پھانسی چڑھے، شہید بی بی بھی ان نظریات کیلئے بہادری سے لڑیں۔
بلاول کا کہنا تھا کہ بی بی شہید نے شہید بھٹوکے جیالوں کو متحد کیا اور آمر ضیا کیخلاف انتھک جدوجہد کی قیادت کی، بحالیِ جمہوریت کی جدوجہد میں شہید بینظیر بھٹو کو قیدِ تنہائی اور جلاوطنی کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں۔
انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے آمریت کو شکست سے ہمکنار کیا، وزیراعظم بننے کے فوراً بعد تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا، انہوں نے بطور وزیراعظم ملک وعوام کی ترقی کے لئے ترقیاتی پروگرامز شروع کئے، بینظیر بھٹو نے صحت، تعلیم، غربت کے خاتمے، خواتین کے دفاع جیسے پروگرامز کا آغاز کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بی بی نے بیلسٹک میزائل پروگرام کو جدت دے کر جوہری پروگرام کی موجودگی میں ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا، جوہری پروگرام جس کی بنیاد شہید بھٹونے اپنےعدالتی قتل ہونے سے پہلے رکھی تھی، بلاول بھٹو نے وعدہ کیا کہ شہید بی بی کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔