اسلام آباد: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق نیب آرڈیننس کے معاملے پر اکثر وزرا نے وزیراعظم سے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر مشاورت ہونی چاہیے تھی۔
دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم کے زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں حکومتی وزرا کا کہنا تھا کہ کسی بھی قانون سازی پر حکومتی بیانیہ سے متعلق مشاورت پہلے ہونے چاہیے جبکہ کسی بھی قانون سازی پر پہلے کابینہ میں بحث کروائی جائے۔
وزرا کا کہنا تھا کہ متفقہ رائے اور مشاورت کے بعد ایسی قانون سازی عمل میں لائی جائے۔ قانون سازی سے قبل مشاورت سے حکومتی موقف کو تقویت مل سکے گی۔ کسی بھی قانون سازی سے قبل آئندہ میڈیا سٹریٹجی بنائے جائے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزرا کے شکوے شکایات سننے کے بعد واضح ہدایات جاری کیں کہ کسی بھی قانون سازی کے معاملہ پر آئندہ کابینہ کو اعتماد میں لیا جائے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن کرنے والا سزا کا حق دار، نیب آرڈیننس پر ردعمل سب کے سامنے ہے، کسی قیمت پر احتساب سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے زیر صدارت میڈیا سٹریٹجی اجلاس ہوا جس میں نیب ترمیمی آرڈیننس پر ردعمل کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ احتساب سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ نیب آرڈیننس پر جو ردعمل آیا، وہ سب کے سامنے ہے۔
وزیراعظم نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا کہ جس نے کرپشن کی وہ سزا بھگتے گا۔ ہم نے معیشت کی بہتری کیلئے انتھک کوشش کی۔ 2020ء میں عام آدمی کی بہتری کیلئےاقدامات کریں گے اور معیشت میں بہتری کے ثمرات عوام تک پہنچائیں گے۔