'مودی سرکار کا اقلیتوں اور کشمیریوں کی شناخت مٹانے کا خواب پورا نہیں ہوگا'

Last Updated On 30 December,2019 03:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ مودی سرکار کا اقلیتوں اور کشمیریوں کی شناخت مٹانے کا خواب پورا نہیں ہوگا، پاکستان کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

وزیرِاعظم عمران خان سے معروف کشمیری کارکن ٹونی ایشاء نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بات چیت جبکہ مسئلہ کشمیر خصوصاً موجودہ حالات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں پر بھی گفتگو کی گئی۔

ٹونی ایشاء نے وزیرِاعظم کو امریکا میں مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے سے متعلق کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی کوششوں سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے، دنیا بھر میں مودی سرکار کا آر ایس ایس ایجنڈہ اور نام نہاد جمہوریت کا پردہ فاش ہوا۔

وزیراعظم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ معصوم کشمیریوں کے حقوق اور کشمیر کا مقدمہ ہر فورم پر اٹھانے اور ان کی آواز بننے کیلئے پرعزم ہیں، عالمی برادری کو مودی سرکار کے ایجنڈے اور خطے کے امن پر اس کے مہلک اثرات کا ادراک کرنا ہوگا، آر ایس ایس اور ہندتوا نظریات پر مبنی ایجنڈے کا مقصد کشمیریوں کی شناخت مٹانا ہے۔
 

Advertisement