کابینہ اجلاس: تینوں سروسز چیفس کی مدت ملازمت میں توسیع کے طریقہ کار کی منظوری

Last Updated On 01 January,2020 09:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں تینوں سروسز چیفس کی مدت ملازمت میں توسیع کے طریقہ کار کی منظوری دیدی گئی ہے۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں سروسز چیفس کی مدت ملازمت میں تین سالہ توسیع کی تجویز دی گئی ہے۔ تینوں مسلح افواج کے سربراہان کی ریٹائرمنٹ کی حد عمر 64 سال ہوگی۔ مجوزہ بل میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کسی بھی سروس چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی ایڈوائس کر سکتے ہیں۔

وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت مدت ملازمت میں توسیع کی منظوری دیں۔ مجوزہ بل میں آرمی ایکٹ 1952ء کے سیکشن 176 جبکہ رولز 155 میں بھی ترمیم کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شیریں مزاری اور فواد چودھری کی جانب سے بل کے بعض نکات پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ بل کا مسودہ منظوری کے لئے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔

کابینہ اجلاس میں نیب ترمیمی آرڈینینس کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اتحادی جماعتوں کے تحفظات پر وزیراعظم نے کہا کہ نیب ترمیمی بل میں اپوزیشن کی تجاویز پر بھی غور کیا جائے گا۔

اس حوالے سے وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں حکومتی کمیٹی اپوزیشن سے مذاکرات کرے گی۔ واضح رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے سابق وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے نیب قوانین میں ترامیم تجویز کی ہیں۔ تجاویز میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب کے اختیارات کم کر کے ادارے کو مضبوط بنایا جائے۔