اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب راولپنڈی کی جانب سے یہ کرپشن ریفرنس سابق صدر پرویز مشرف دور کے صاف پانی سب کے لئے پروجیکٹ میں دائر کیا گیا ہے۔
صاف پانی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر سکندر جاوید، جی ایم نیسپاک جمیل باجوہ اور سابق سیکرٹری شہاب انور کو بھی اس ریفرنس میں ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ دیگر ملزمان میں جہانزیب خان اور عبدالمعید فاروقی سمیت گیارہ ملزمان شامل ہیں۔
ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے جعلی کمپنیوں کو ساڑھے تین ارب کے ٹھیکے دئیے۔ اس اقدام سے حکومتی خزانے کو مزید ساڑھے تین ارب کا نقصان ہوا۔ پورے ملک میں ساڑھے چھ ہزار سے زائد پلانٹ لگائے جانے تھے۔
نیب ریفرنس کے مطابق ایس ای سی پی نے بھی دونوں کمپنیوں کو جعلی قرار دیا لیکن اہلیت نہ ہونے کے باوجود ان کو فائدہ پہنچایا گیا۔ فیصل آباد کی کمپنی کو اٹلی کی کمپنی ظاہر کیا گیا جبکہ 45 لاکھ مالیت کے 329 پلانٹ کی جگہ 1295 پلانٹ لگائے گئے۔ مہنگے پلانٹ لگانے کی تعداد بڑھانے کی منظوری بھی نہیں لی گئی۔