پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا اسمبلی میں ایمرجنسی ریسکیو سروسز ترمیمی بل منظور کر لیا گیا۔ اپوزیشن خواتین اراکین نے ویمن کاکس تنظیم سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔ سپیکر نے اجلاس میں وزرا کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کیا۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس سپیکر مشتاق غنی کے زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وزیر قانون سلطان محمد نے ایمرجنسی ریسکیو سروسز ترمیمی بل پیش کیا جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
اجلاس میں اپوزیشن خواتین اراکین نے خیبر پختونخوا اسمبلی کی ویمن کاکس کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ حکومتی خواتین ارکان پر تنظیم کو سیل سپاٹے کے لیے استعمال کرنے کا الزام لگایا۔ رکن اسمبلی نگہت اورکزئی نے اپوزیشن خواتین کی جانب سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔
اسمبلی میں وزرا کی مسلسل غیر حاضری پر سپیکر مشتاق غنی نے ایک مرتبہ پھر برہمی کا اظہار کیا۔
اجلاس میں دو سوالات، تحریک التوا اور توجہ دلاؤ نوٹسز متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے حوالے کرنے کی بھی منظوری دیدی گئی۔
حکومتی رکن ارباب وسیم کی کورم نشاندہی کرانے پر پینل چئیرمین نے اجلاس کل تک ملتوی کر دیا۔