خیبر پختونخوا اسمبلی اجلاس، اپوزیشن اراکین کی بی آر ٹی منصوبے پر شدید تنقید

Last Updated On 27 December,2019 08:33 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا اسمبلی میں ایک دفعہ پھر بی آر ٹی منصوبہ کی گونج، اپوزیشن اراکین نے منصوبے پر شدید تنقید کی۔ حکومتی وزرا جواب نہ دے سکے۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس سپیکر مشتاق غنی کی صدارت میں ہوا جس میں اپوزیشن رکن میاں نثار گل کی بی آر ٹی منصوبے سے متعلق تحریک التوا پر بحث کا آغاز ہوا۔

اپوزیشن اراکین کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی منصوبے کی تحقیقات میں حکومت کیوں رکاوٹ بنی ہوئی ہے؟ سپیکر کو حکومت کے خلاف رولنگ جاری کرنی چاہیے۔ بی آر ٹی سے متعلق اسمبلی کی کمیٹی بنائی جائے۔

حزب اقتدار کی رکن اسمبلی عائشہ بانو نے بی آر ٹی کو عوام کے لئے بہترین منصوبہ قرار دیا۔ حکومتی وزرا کی عدم دلچسپی کے باعث بی آر ٹی منصوبے پر کوئی جواب نہ دے سکا۔ سپیکر نے ورزا کی عدم دلچسپی اور غیر حاضری پر آئندہ اجلاس ملتوی کرنے کی دھمکی بھی دیدی۔

اپوزیشن اراکین کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی منصوبے سے ناصرف ٹریفک مسائل بڑھیں گے بلکہ اخراجات میں بھی اضافہ ہوگا۔