سردی کی شدت برقرار، حسین وادیوں میں وائٹ کارپٹ بچھ گیا

Last Updated On 04 January,2020 09:23 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کراچی سے خیبر تک سردی کی شدت برقرار ہے۔ حسین وادیوں میں وائٹ کارپٹ بچھ گیا۔ سیاحوں نے برف باری کو انجوائے کرنے کے لیے سیاحتی مقامات کارخ کیا ہے تو دوسری جانب، محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے شمالی علاقوں میں شدید بارش اور برف کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سردی کی شدید لہر برقرار ہے۔ بالائی پہاڑی علاقوں میں برف باری کے رنگ نظر آنے لگے، مری میں برفباری ہوتے ہی سیاحوں کا رش لگ گیا۔

لوگ ہفتہ وار چھٹی کو یادگار بنانے ملکہ کوہسار چلے آئے، ہزاروں گاڑیاں پہنچنے کے بعد ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی، لوگوں نے خوب ہلہ گلہ اور موج مستی کی ۔

گلیات میں روئی کے گالوں نے سیاحوں کا مزہ دوبالا کردیا لوگوں نے نتھیا گلی اور ٹھنڈیانی کا بھی رخ کرلیا ، جی ڈی اے کا عملہ سڑکوں سے برف ہٹانے میں مصروف ہے۔

محکمہ موسمیات نے مری گلیات میں اچھی برفباری کی نوید سنادی، شدید بارش اور برفباری کے باعث بلوچستان کے شمالی اضلاع کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے بھی لوگوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔

سوات میں وادی کالام سمیت مٹلتان، اتڑور، گبرال اور مہوڈنڈ جھیل کے علاقوں نے سفید چادر اوڑھ رکھی ہے۔ کئی علاقوں کا زمینی رابطہ مقطع ہے، اپر دیر میں بیلو خوڑ روڈ ،جبکہ قادر کلے پر رابطہ سڑک بھی ٹریفک کےلیے بند ہے۔ چترال کے لواری ٹنل ایریا میں بھی برفباری کے باعث لوگ مشکل میں ہیں۔۔۔

مری اور گلیات میں آسمان سے سفید موتی برسے ۔۔۔ سیاحوں نے حسین وادیوں کا رخ کرلیا، ویک اینڈ پر مال روڑ پر مختلف علاقوں سے آئے لوگوں نے ڈیرے جمانے شروع کردیئے۔

خیبر پختونخوا، جنوبی، اور وسطی پنجاب میں اکثرمقامات جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، بالائی سندھ اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔