ایکنک نے 224 ارب کے 7 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی

Last Updated On 06 January,2020 07:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے 224 ارب کے 7 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے، جس میں تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے اور جنوبی پنجاب میں تخفیف غربت کے منصوبے بھی شامل ہیں۔

مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کے زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) کا اجلاس منعقد ہوا۔ ایکنک نے وزارت منصوبہ بندی کے پیش کردہ 7 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی، جن میں جنوبی پنجاب کیلئے غربت میں کمی کے تیسرا نظر ثانی منصوبہ شامل ہے۔

یہ منصوبہ 7.5 ارب کی بیرونی امداد کے ساتھ 15.52 ارب روپے مالیت کا ہے۔ جنوبی پنجاب تخفیف غربت منصوبہ 2023ء تک مکمل کیا جائے گا۔

اجلاس میں پاکستان میں ہائر ایجوکیشن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کیلئے 12 ارب 8 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔ اس منصوبے کیلئے 7.72 ارب روپے ورلڈ بینک، آئی ڈی اے فنانسنگ کی مد میں دے گا۔

ایکنک اجلاس میں 39.7 ارب روپے کے پاک سیٹ ایم ایم آئی منصوبے کی منظوری دی گئی۔ اس منصوبے کے تحت پاک سیٹ آئی آر کیلئے گراؤنڈ کنٹرول آلات لئے جائیں گے۔

اجلاس میں 122 ارب 90 کروڑ روپے مالیت کے چوتھے تربیلا ڈیم توسیعی منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔ تربیلا ہائیڈرو پراجیکٹ کی صلاحیت 3478 میگاواٹ سے بڑھ کر 4888 میگاواٹ ہو جائے گی۔

توسیعی منصوبے کے تحت 470 میگاواٹ کے 3 یونٹس لگائے جائیں گے۔ اجلاس میں 12.8 ارب روپے کے متبادل توانائی کیلئے تیسرے نظر ثانی منصوبے کی منظوری دی گئی۔

ایکنک نے 13 ارب 40 کروڑ روپے مالیت کے جھمپر اور گھارو میں ونڈ پاور پراجیکٹ کے نظر ثانی شدہ پی سی ون کی بھی منظوری دی۔