راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں دہشتگرد کی فائرنگ سے شہید 2 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی۔ سی پی او احسن یونس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں دہشتگرد کی فائرنگ سے شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے، اس موقع پر پولیس کے چاک وچوبند دستے نے شہیدوں کے جسد خاکی کو سلامی دی۔ نماز جنازہ میں آر پی او سہیل تاجک اور سی پی او احسن یونس سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
سی پی اوراولپنڈی احسن یونس نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ دہشتگرد کی شناخت آفتاب کے نام سے ہوئی جو بھی پولیس پر حملوں میں ملوث رہا تھا۔
احسن یونس کا کہنا تھا کہ تمام اہلکاروں میں بلٹ پروف جیکٹس تقسیم کی گئیں ہیں لیکن ہر جگہ اہلکار جیکٹ پہن کر نہیں رہ سکتے، جو بھی حملہ کرے گا، واپس نہیں جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی میں دہشتگرد کی فائرنگ سے ہیڈ کانسٹیبل محمد علی اور کانسٹیبل سعید احمد شہید جبکہ ڈولفن اہلکار حسن اکرم اور ایک راہگیر خاتون زخمی ہوئی تھی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ میں دہشتگرد ہلاک ہو گیا تھا۔ ہلاک دہشتگرد کا تعلق پسرورسے ہے۔ دہشتگرد کے خلاف پسرور میں قتل، اقدام قتل اور ڈکیتی کی ایف آئی آرز درج ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی میں پولیس پر فائرنگ، 2 اہلکار شہید، تین افراد زخمی ہوگئے