اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنماوں کے عدالت میں کیسز چلتے ہیں، اسمبلی اجلاس میں آکر وہ تقریریں جھاڑتے ہیں، رانا ثنااللہ پر بہت سے الزامات ہیں، کیا ہم سانحہ ماڈل ٹاؤن بھول گئے جس میں کئی افراد کو قتل کیا گیا۔
وفاقی وزیرمراد سعید نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثنا کا معاملہ عدالت میں ہے جس پرایوان میں بات کی جاتی ہے، دو موقف ہیں ایک رانا ثنا اللہ کا اور دوسرا انٹی نارکوٹکس فورس کا موقف ہے جو ریاستی ادارہ ہے، عدالت میں زیر التوا معاملات کو ایوان میں اٹھانا درست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیا ہم سانحہ ماڈل ٹاون بھول گئے، ماڈل ٹاؤن سانحہ بھی اس شخص کے احکامات پر پیش آیا۔ کیا ہم اس بچی کی فریاد بھول جائیں جو چیخ چیخ کرایوان سے سوال کر رہی تھی کہ میری والدہ کا کیاقصور تھا۔ یہاں پر قرآن اٹھا کر اپنا موقف پیش کر دیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم بھی حلف لیکر آئے ہیں، ایوان میں جوبات کی جاتی ہے وہ سچی ہوتی ہے، اگرایوان میں ہم سچ نہ بولیں توحلف کی خلاف ورزی ہوگی، ایوان میں قرآن پاک ہاتھ میں لیکرنہیں آنا چاہیے۔