کراچی: 6 افراد کی نماز جنازہ ادا، حادثہ سگریٹ نوشی کے باعث ہوا: ڈرائیور

Last Updated On 11 January,2020 05:13 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ہائی روف میں آگ بھڑکنے سے ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد جاں بحق ہوئے جن میں سے چھ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ زخمی ڈرائیور کا کہنا ہے کہ پیچھے بیٹھے شخص کی سگریٹ نوشی کے باعث حادثہ ہوا۔ پولیس کے مطابق ہائی روف میں پٹرول کی بوتل رکھی گئی تھی۔

دنیا نیوز کے مطابق روتی، سسکتی، غم سے نڈھال یہ ماں ہے ان بچوں کی جو گزشہ روز نارتھ کراچی میں ہائی روف جلنے کے حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔ واقعے میں ایک ہی خاندان کے 5 بچوں اور دو خواتین سمیت آٹھ افراد چل بسے۔

تینوں بھائیوں کی فیملی گلشن اقبال ضیا کالونی میں شادی سے واپس اپنے گھر سرجانی تیسر ٹاون جا رہے تھے۔ رکشےاور ہائی روف میں تصادم کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ اہل خانہ پر قیامت ٹوٹ پڑی۔۔

بچے سمیت تین افراد اب بھی ہسپتالوں میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ پولیس کےمطابق ہائی روف میں فیول ٹینک نہیں تھا۔ ڈرائیور نے گاڑی میں پٹرول کی بوتل رکھی تھی۔ گاڑی میں بیٹھے شخص نے سگریٹ پھینکا تو آگ بھڑک اٹھی، تپش کے باعث دروازے بھی نہیں کھولے جاسکے۔

زخمی ڈرائیور کا کہنا ہے کہ چلتی گاڑی میں آگ لگنے کا پتہ ہی نہیں چلا۔

جاں بحق ہونےوالے 6 افراد کی نماز جنازہ سرجانی تیئسر ٹاؤن میں ادا کردی گئی جبکہ نو سالہ معاویہ کی نمازجنازہ گلشن اقبال اورتیس سالہ مہرالنساء کا آخری سفر لاسی گوٹھ سےشروع ہوگا۔