مسقط: (دنیا نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے عمان کے نئے حکمران سلطان ہیثم بن طارق سے ملاقات کی جس کے دوران سلطان قابوس کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود نے مسقط میں نئے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ سلطان قابوس مدبر اور امن پسند حکمران کے طور پرجانے جاتے تھے، پاکستان کی حکومت اورعوام، عمان کے مرحوم سلطان قابوس کے انتقال پر دل گرفتہ اور عمانی عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ سلطان قابوس کے دورحکومت میں "عمان" نے مثالی ترقی کی، وہ ہردلعزیز لیڈر تھے جن کی وفات سے پاکستان ایک مخلص دوست سےمحروم ہوا۔
سلطان ہیثم بن طارق السید نے عمان اور پاکستان کے مابین تعلقات کے فروغ کا عزم کیا اور مشرق وسطی میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی جانب سے امن کوششوں کو سراہا۔