اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عراقی ہم منصب محمد علی الحکیم سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں ایران امریکا کشیدگی سمیت خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش ہے، خطہ کسی نئی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا، فریقین معاملات بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں حل کریں، فریقین کو ملکی خود مختاری اور سالمیت کے تحفظ کو ملحوظِ خاطر رکھنا چاہیے، بات چیت کا ماحول پیدا کرنے کیلئے کشیدگی میں کمی لانا ہوگی۔
اس سے قبل شاہ محمود قریشی سے اسلام آباد میں نئے ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے ملاقات کی، جس میں ایران امریکا کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔