آئی جی سندھ صوبائی کابینہ کا اعتماد کھو چکے، وفاق واپس بلا سکتا ہے: مرتضی وہاب

Last Updated On 16 January,2020 03:34 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ آئی جی سندھ صوبائی کابینہ کا اعتماد کھو چکے، وفاق صوبائی حکومت کی مشاورت سے انہیں واپس بلا سکتا ہے۔ وزیراعلی مراد علی شاہ نے وزیراعظم کو آئی جی سے متعلق تحفظات سے آگاہ کر دیا تھا۔

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب نے آئی جی سندھ کو ہٹانے کی وجوہات سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب آئین و قانون کےتابع اوراس پر عمل کرنا لازم ہے، وزیراعظم سے وزیراعلیٰ سندھ کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو تحفظات سے آگاہ کر دیا تھا۔ وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو بتایا کابینہ کو آئی جی پر اعتماد نہیں، ہمیں عوام کی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وزیراعظم نے جواب میں کہا ہمیں بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

مرتضٰی وہاب نے کہا آئی جی سندھ کو چھٹی پر بھیجنے کی ٹھوس وجوہات ہیں۔ صوبے میں امن و امان کی صورتحال خراب ہوئی، پولیس فائرنگ سے شہریوں کی ہلاکت کے 12 واقعات ہوئے۔ کچھ غلط ہو گا تو صوبائی حکومت ضرور پوچھے گی۔ پولیس اختیارات میں آزاد تاہم صوبائی حکومت کو جوابدہ ہے۔ فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ آئی جی سندھ کو ہٹانے کا فیصلہ یکطرفہ طور پر کیا گیا، یہ موقف درست نہیں ہے۔