اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے حکم پر وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے گھٹیا حرکت کی، ایسے لوگوں کا کابینہ میں ہونا بدقسمتی ہے۔
انہوں نے فیصل واوڈا کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ فیصل واوڈا نے جو کیا اور جو کرتے ہیں، وزیراعظم کے حکم پر کرتے ہیں، ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی نہ ہونا ثبوت ہے کہ عمران خان کے حکم پر یہ حرکت ہوئی۔
مریم اورنگزیب نے مطالبہ کیا کہ فیصل واوڈا سے وزارت اور قومی اسمبلی کی نشست سے فوری استعفیٰ لیا جائے کیونکہ ان جیسے لوگوں کا پارلیمان اور کابینہ میں ہونا پاکستان کی بدقسمتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیمرا کو استعمال کرکے ٹاک شو اور اینکر پر پابندی لگانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ سولہ ماہ سے اپنی نالائقی اور نااہلی چھپانے کے لئے میڈیا کی آواز بند ہے۔