اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ای کامرس ملکی معیشت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ کاروباری برادری کی رکاوٹوں کو دور کرنا مقصد ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ای کامرس پالیسی پر عمل درآمد کے حوالے سے غور کیا گیا جبکہ وزیرِاعظم کو ای کامرس پالیسی پر عمل درآمد پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ای کامرس ملکی معیشت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ موجودہ حکومت نے ای کامرس پالیسی متعارف کرائی۔
ان کا کہنا تھا کہ پالیسی کا مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کوآسانیاں فراہم کرنا ہے۔ کاروباری برادری کو درپیش رکاوٹوں کو دور کرنا بھی مقصد ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سٹیٹ بینک اور وزارتِ خزانہ فری لانسرز، تعلیم یافتہ اور ہنرمند نوجوانوں کو روزگار کمانے میں سہولت دے۔ دونوں ادارے ای پالیسی سے استفادہ کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وزارتِ خزانہ اور اسٹیٹ بنک ترسیلات زر کی موجودہ پانچ ہزار ڈالر کی حد میں اضافے کی تجویز پر بھی غورکرے، کیش آن ڈیلیوری اور ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز پر ٹیکسز میں رعایت کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا جائے۔
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان اپنے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کی رہائشگاہ پہنچے تو نعیم الحق کی مزاج پرسی، عیادت کی اور نعیم الحق کی جلد اور مکمل شفایابی کیلئے دعا کی۔
دریں اثناء وزیر اعظم عمران خان سے صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے ملاقات کی، ملاقات میں آزاد کشمیر سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منانے کی تیاریوں پر بھی مشاورت کی گئی۔