کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے سابق سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ پارٹی دو حصوں میں تقسیم ہو چکی ہے،
انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ نہ صرف پارٹی کے اندر اختلافات ہیں بلکہ اب ایم کیو ایم ’نشان عبرت‘ بن گئی ہے۔ موجودہ پارٹی نہ تو ایم کیو ایم ہے اور نہ ہی ایم کیوایم پاکستان، بلکہ اب یہ پارٹی چوں چوں کا مربہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم حیدرآباد نے ایم کیو ایم کراچی پر دباو ڈال کر خالد مقبول کو مستعفی کرایا تاکہ کسی اور کو وزارت دلوائی جائے۔ خالد مقبول صدیقی کو قربانی کا بکرا بنایا گیا ہے۔ خالد مقبول کو پارٹی کی سربراہی سے مستغفی ہونا چاہیے۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ آج فیصلہ کریں کہ فروغ نسیم ایم کیو ایم میں ہیں یا نہیں؟ اگر ہیں تو استعفیٰ دیں۔ ایک وزیر وزارت کے مزے لے رہا ہے اور ایک کو مستعفی کرایا گیا ہے۔ آپ کو وزارت قبول ہی نہیں کرنی چاہیے تھی۔
سابق ایم کیو ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ مینگل نے وزارت قبول نہیں کی، سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کیا اور ان کے مطالبات بھی مانے گئے۔ بلوچستان کو ایمنیسٹی ملی، لاپتہ افراد بازیاب ہوئے۔