بھارت نے حملے بند نہ کئے تو پاکستان خاموش نہیں رہے گا، وزیراعظم عمران خان

Last Updated On 19 January,2020 06:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے شہریوں پر حملے بند نہ کئے تو پاکستان خاموش نہیں رہے گا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے خود ساختہ حملے کا اندیشہ ہے۔ پاکستان کیلئے سرحد پر خاموش تماشائی بنے رہنا مشکل ہو جائے گا۔ سلامتی کونسل عسکری مبصر مشن کی مقبوضہ وادی میں واپسی کیلئے بھارت سے اصرار کرے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ہمیں ہندوستان کی جانب سے ایک خود ساختہ اور جعلی حملے کا سخت اندیشہ ہے۔ جنگ بندی لکیر کے اس پار نہتے شہریوں پر مقبوضہ بھارتی افواج کے شدت پکڑتے اور معمول بنتے حملوں کے پیش نظر لازم ہے کہ سلامتی کونسل عسکری مبصر مشن (UNMOGIP) کی مقبوضہ کشمیر میں فی الفور واپسی کیلئے بھارت سے اصرار کرے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ میں ہندوستان کیساتھ عالمی برادری پر بھی واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ اگر بھارت جنگ بندی لکیر کے اس پار عسکری حملوں میں نہتے شہریوں کے بہیمانہ قتل عام کا سلسلہ دراز کرتا ہے تو پاکستان کیلئے سرحد پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے رہنا مشکل ہو جائے گا۔