اسلام آباد: (دنیا نیوز) ماحولیات کے لیے آواز بلند کرنے پر وزیراعظم عمران خان کی عالمی سطح پر پذیرائی کی جاری ہے۔ ٹائم میگزین نے وزیراعظم کو ماحولیات کی ترجمانی کرنے والی دنیا کی پانچ شخصیات میں شامل کر لیا۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے ماحولیات سے متعلق ویژن کی عالمی سطح پر پذیرائی کی جا رہی ہے۔ عالمی جریدے ٹائم میگزین نے کور پیج پر دیگر عالمی رہنماؤں کے ساتھ تصویر چھاپ دی۔
ٹائم میگزین نے وزیراعظم عمران خان کو ماحولیات کے لیے آواز بلند کرنے والے پانچ عالمی رہنماؤں میں شامل کیا ہے۔ ورلڈ اکنامک فورم کی پارٹنرشپ سے عالمی جریدے نے عمران خان کیساتھ ساتھ جرمن چانسلر اینگلا مرکل، مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس، یورپ کے مرکزی بینک کی صدر کرسٹین لیگارڈ اور ایمازون کے مالک جیف بیزوس کی تصاویر شائع کیں۔
بلین ٹری سونامی جیسے پروجیکٹس کی بنیاد رکھنے والے عمران خان عالمی اقتصادی فورم میں بھی خصوصی خطاب کریں گے۔ 22 جنوری کو شیڈول خطاب ورلڈ اکنامک فورم کئی زبانوں میں براہ راست نشر کرے گا۔