اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز چار روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئیں۔ سینئر اعلیٰ سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گی۔
ایلس ویلز وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سمیت دیگر سینئر حکومتی حکام اور سول سوسائٹی کے نمائندگان سے ملاقاتیں کریں گی۔
امریکی نائب معاون وزیر خارجہ کی پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں میں باہمی اور علاقائی تحفظات کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ پاک امریکا تعلقات میں بہتری اور افغانستان میں قیام امن پر بھی بات چیت ہوگی۔
اس موقع پر حالیہ ایران امریکا کشیدگی، افغان مفاہمتی عمل اور طالبان مذاکرات پر گفتگو ہوگی جبکہ پاکستان کو فوجی امداد اور ٹریننگ کے معاملات بھی زیر غور آنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد پہنچنے پر ایلس ویلز اور ان کے وفد کا دفتر خارجہ اور امریکی سفارت خانے کے حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔ امریکا کی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز 22 جنوری تک پاکستان میں چار روز قیام کریں گی۔