اجیت ڈوول جھوٹے آپریشن کا ماسٹر مائنڈ، دویندرسنگھ کی گرفتاری سے بھانڈا پھوٹ گیا

Last Updated On 19 January,2020 07:50 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) نریندر مودی کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اجیت ڈوول فالس فلیگ آپریشن کا ماسٹر مائنڈ ہے، مقبوضہ کشمیر سے پولیس افسر دویندر سنگھ کی گرفتاری سے بھانڈا پھوٹ گیا۔

دو ہزار ایک میں بھارتی پارلیمنٹ پر حملہ بھی کہیں بھارتی ایجنسیوں نے خود تو نہیں کروایا؟ شکوک و شبہات جنم لینے لگے ہیں۔

تفصیل کے مطابق بھارت میں دہشت گرد کارروائیوں کے پیچھے کہیں خود بھارتی ایجنسیاں ملوث تو نہیں ہیں؟ مقبوضہ کشمیر سے دہشت گردوں سے رابطے کے الزام میں سینئر پولیس افسر کی گرفتاری نے مودی کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اجیت ڈوول کے کردار کو مزید مشکوک کر دیا ہے۔

دویندر سنگھ کا نام سب سے پہلے افضل گرو کے ایک خط میں سامنے آیا تھا جس میں اس نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈی ایس پی نے ان کو دو افراد اپنے ساتھ دہلی لے جانے پر مجبور کیا، جو بعد میں پارلیمنٹ پر حملے میں ملوث پائے گئے۔

اتنا بڑا الزام لگنے کے باوجود دویندر سنگھ سے کوئی پوچھ گچھ ہوئی نہ ہی ان کا تبادلہ ہوا بلکہ وہ بدستور مقبوضہ کشمیر میں جیسے حساس علاقے میں ہی تعینات رہے۔

بھارتی صحافی سواتی چیدرویدی کے مطابق دویندر سنگھ بھارتی ڈیپ سٹیٹ کا اثاثہ ہے۔ شاید اس لیے مودی سرکار مزید تفتیش کے بجائے اس ایشو کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔

دہشت گردوں سے تعلق کا الزام ہونے کے باوجود گزشتہ سال جب دنیا بھر کے سفیروں کو مقبوضہ کشمیر لے جایا گیا تو ان کی حفاظت پر یہی دویندر سنگھ معمور تھا۔

یہی نہیں، گزشتہ سال ہی دویندر سنگھ کو صدارتی ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔ وزیراعظم پاکستان نے عالمی طاقتوں کو ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ بھارت کسی بھی وقت پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانے کے لیے کوئی جعلی اٹیک کروا سکتا ہے۔ دویندر سنگھ کا ماضی، اس کی پراسرار گرفتاری اور اب مودی سرکار کی جانب سے اس ایشو کو دبانے کی کوششوں سے ثابت ہوتا ہے کہ وزیراعظم کا خدشہ بلا جواز نہیں ہے۔