وفاقی پولیس کے ناکوں پر تعینات اہلکاروں کی یونیفارم میں کیمرے نصب

Last Updated On 23 January,2020 02:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کو کرائم فری سٹی بنانے کی جانب حکومت کا اہم قدم، وفاقی پولیس کے ناکوں پر تعینات اہلکاروں کی یونیفارم میں کیمرے نصب کر دیئے، آڈیو ویڈیو ریکارڈنگ محفوظ بھی رکھنے کا انتظام کرلیا گیا۔

وفاقی پولیس کے اہلکاروں کی وردیوں میں کیمرے نصب کرنے کا عمل شروع ہو گیا۔ پہلے مرحلے پر ناکوں پر موجود اہلکاروں کی وردیوں میں کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے اس عمل سے ناکوں پر شہریوں سے بدسلوکی یا پولیس گردی روکنے میں مدد ملے گی، ناکوں پر دہشت گردی کرنے والوں کی شناخت بھی ہو سکے گی۔

اس معاملے پر آئی جی اسلام آباد نے وزیر داخلہ اعجاز شاہ سے ملاقات کی اور کیمروں کی تنصیب کے حوالے سے آگاہ کیا۔ آئی جی کا کہنا تھا کہ اہلکارں کو کیمرہ آپریٹ کرنے کی تربیت بھی دے دی گئی، کیمرے شہریوں کے ساتھ گفتگو اور ویڈیو ریکارڈ کریں گے، ریکارڈ ویڈیو روزانہ کی بنیاد پر زونل ایس پی کے دفتر میں محفوظ ہوگی۔

آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پولیس نے اپنی مدد آپ کے تحت 10 کیمروں کی خریداری کی، جلد ضلع بھر کے تمام ناکہ جات پر یہ کیمرے فراہم کر دئیے جائیں گے، دوسرے مرحلے میں گشت اور تھانوں میں ڈیوٹی آفیسر کو یہ سہولت دیں گے، کیمروں کو سیف سٹی پراجیکٹ کے ساتھ منسلک کیا جا رہا ہے، وزیر داخلہ نے اسلام آباد پولیس کے اقدام کو سراہا۔
 

Advertisement