اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) طویل مدت کے بعد امریکا کے لیے براہ راست پرواز کا آغاز کریگی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پاکستان سے براہ راست امریکا کی پرواز کے لیے امریکی حکام سے گزشتہ 2 سالوں سے مذاکرات جاری تھے، جو اب کامیاب ہو گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ امریکی انتظامیہ نے مئی سے امریکا کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔ امریکا کی ہوم لینڈ سکیورٹی کے عملے نے اس ضمن میں پاکستان کا دورہ بھی کیا تھا جبکہ امریکا کی ٹرانسپورٹ سکیورٹی اتھارٹی نے گزشتہ مارچ میں بھی کراچی اور اسلام آباد سے براہ راست پروازوں کے سلسلے میں پی آئی اے کے فلیٹ اور ہوائی اڈوں پر سکیورٹی کے انتظامات کا آڈٹ کیا تھا۔
پی آئی اے ترجمان کے مطابق آئندہ اپریل سے امریکا کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کی اطلاعات تھیں تاہم اب امریکی اداروں نے مئی سے امریکا کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کی اجازت دی ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان سے ابتدامیں نیویارک کے لیے ہفتے میں 3 پروازیں چلائی جائیں گی جن کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔