شیخ رشید کی سانحہ تیز گام پر جوڈیشل انکوائری کے مطالبے کی حمایت

Last Updated On 30 January,2020 09:33 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ریلوے کے افسر آپس میں ملے ہوئے ہیں۔ ریلوے ایک سمندر ہے جس کو یہ لوگ کھا رہے ہیں۔ انہوں نے سانحہ تیز گام پر جوڈیشل انکوائری کے مطالبے کی حمایت کر دی۔

دنیا نیوز کے پروگرام ‘’نقطہ نظر’’ میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کرپٹ لوگوں کی گردنیں اڑانا ضروری، نیا سسٹم لانا ہوگا۔ ریلوے میں اتنی ٹینشن ہے کہ میرے جیسے آدمی دل کا مریض ہو گیا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست میں تیسرا فریق ہر جگہ حاضر ہوتا ہے۔ نواز شریف کو باہر لے جانے میں کریڈٹ شہباز شریف کو جاتا ہے۔ شہباز شریف کا سیاست میں کردار ابھی ختم نہیں ہوا جبکہ نواز شریف اور زرداری دونوں بیچارے ایک ہی جیسے ہیں۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ حکومت کو دو سال ہونے جا رہے ہیں۔ کوئی اتحادی کہیں نہیں چھوڑ کر جا رہا۔ ایم کیو ایم والے بھی ٹھیک ہیں۔ مجھے تو سب ٹھیک دکھائی دے رہا ہے۔ تمام اتحادیوں کو عمران خان کے ساتھ دیکھ رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ سانحہ تیز گام میں جو بھی ملوث ہونگے، ان کوسزا دلوائیں گے۔ جب تک ایم ایل ون نہیں بنے گی تو ایسے ہی حادثات ہوتے رہیں گے۔ سپریم کورٹ میں کہا کہ وزارت کا بھوکا نہیں ہوں۔ میری خواہش ہے ایم ایل ون مکمل ہو جائے۔ میرے بعد جو بھی ریلوے کا وزیر آئے گا تو ان کو بھی ایسے حادثات کا سامنا رہے گا۔ ایم ایل ون بننے تک معاملات ٹھیک نہیں ہو سکتے۔