اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ چین پاکستان کا سدا بہار دوست، مشکل وقت میں کام آیا۔ کرونا وائرس کی شکل میں اب چین پرمشکل وقت آیا ہےتوہمیں ساتھ دینا چاہیئے۔ ضرورت پڑے توہمارے ماہرین چین کی معاونت کریں۔
آج سینٹ اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمن نے کہا کہ کرونا وائرس انسانیت کے لیے چیلنج ہے، چین وائرس سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات کئے، پاکستان کو چین کی حمایت کرنی چاہیئے، پاکستان بیماری کی تشخیص کیلئے کرونا کٹس فوری منگوائے۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ اپنے ملک کے شہریوں کی حفاظت پہلی ذمہ داری ہوتی ہے، چین میں پاکستانی سفارتخانے کی ہیلپ لائن کام نہیں کر رہی، ملکی ائیرپورٹس پر سکریننگ کے حوالے سے نظام کام نہیں کر رہا۔ دیگر ممالک چین سے اپنے شہری نکال رہے ہیں۔
سینیٹر محسن عزیز کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستانی طلباء کو بے یار و مددگار چین میں نہ چھوڑا جائے، انہیں کورنٹائن، آئی سولیشن وارڈ میں رکھا جائے، جو طلباء ٹھیک ہیں انھیں حکومت ملک میں داخل ہونے کی اجازت دے۔
خاتون سینیٹر سیمی ایزدی نے کہا کہ حکومت کا اقدام سخت لگ رہا ہو گا، چین اس بیماری کا علاج نکال لے گا اسی لئے پاکستانی طلباء کو وہاں روکا گیا ہے۔ طلباء کا چین میں بہتر علاج ہو گا، ہم اس بیماری کا علاج نہیں کر سکتے۔